کنداپور،24؍اگست (ایس او نیوز) کنداپور تعلقہ کے الباڈی گاوں میں زرعی سرگرمیوں مين مصروف دو نوجوان حادثاتی طور پر نہر میں ڈوبنے کے بعد ہلاک ہوگئے ۔
اطلاع کے مطابق مہلوکین کے نام موہن نائک (21 سال) اور سریش نائک (19سال) ہیں جو آپس میں چچا زاد بھائی تھے اور ایک دوسرے کے بالکل پڑوس میں رہتے تھے ۔ دونوں نوجوان غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ کورونا اور لاک ڈاون کی وجہ سے ان کے پاس کوئی مستقل کام نہیں تھا اس لئے قلی مزدوری کرکے پیٹ پالنے کی کوشش کرتے تھے ۔ کل وہ دونوں گنٹوبیلو کرشنا نائک کے فارم پر بطور قلی مزدور گوبر کھاد کے لئے گھاس اور پتے جمع کرنے کے لئے گئے ہوئے تھے ۔
سمجھا جاتا ہے کہ اس دوران حادثاتی طور پر وہ دونوں قریب ہی بہنے والی کنٹوہولے نہر میں گر کر غرقاب ہو گئے ہونگے۔ جب بڑی دیر تک وہ دونوں واپس نہیں لوٹے تو ان کی تلاشی مہم شروع کی گئی جس کے بعد نہر سے ان کی لاشیں بازیافت ہوئیں ۔ اس معاملہ میں کوئی بھی وثوق کے ساتھ یہ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ دونوں بیک وقت نہر میں گرے ہونگے یا پھر ایک دوسرے کو بچانے کے چکر میں غرقاب ہوئے ہونگے ۔
معلوم ہوا ہے کہ موہن نائک اس سے پہلے ممبئی میں ملازمت کرتا تھا اور حال ہی میں گھر لوٹا تھا ۔ کبھی کرایہ پر رکشا چلا کر یا قلی مزدوری کرکے روزی کماتا تھا جبکہ سریش نائک نے اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لئے کچھ دن پہلے ہی کالج میں داخلہ لیا تھا ۔